آپ یہاں ہیں
صفحہ اول > اردو > عمیر سلام سے شناسائی

عمیر سلام سے شناسائی

السلام علیکم۔۔۔!
سلسلہ “شناسائی” کے ساتھ آپ کے میزبان حاضر ہیں اور آج ہمارے مہمان ہیں عمیر سلام۔ ہم قارئین کو بتاتے چلیں کہ عمیر سلام پہلے اردو بلاگر ہونے کا دعوی کرتے ہیں۔ ان دنوں انہوں نے اردو بلاگنگ سے دوری اختیار کی ہوئی ہے لیکن انٹرنیٹ پر وہ ایک کمیونٹی سائٹ چلانے کے ساتھ ساتھ انگریزی میں بلاگنگ کررہے ہیں۔
ہم نے جب عمیر سے رابطہ کیا اور ان سے انٹرویو لینے کی بابت استفسار کیا تو انہوں نے بہت اچھے انداز میں ہماری حوصلہ افزائی کی اور مثبت جواب دیا جس پر ہم ان کے بے حد ممنون ہیں۔
عمیر نے اردو بلاگنگ کب، کیسے اور کیوں شروع کی، ان کو کن کن مشکلات کا سامنا رہا۔۔۔کچھ مزید اسی طرح کے سوالات، آئیے عمیر سے ہی پوچھتے ہیں۔

خوش آمدید عمیر۔۔۔!
@ شکريہ بہت بہت!

کیسے ہیں آپ؟
@الحمدللہ۔اللہ کا شکر ہے!

سب سے پہلے ہم اردو بلاگنگ سے شروع کرتے ہیں۔

1۔ سب سے پہلے ہمیں یہ بتائیں کہ آپ نے اردو بلاگنگ کب شروع کی؟
@ میں نے اردو بلاگنگ کا آغاز اندازاً اپنی بیٹی کی پیدائش سے شروع کیا تھا یعنی یکم اکتوبر 2002۔ میں نے انگریزی بلاگنگ بھی اسی سال شروع کی تھی۔
ملاحظہ ہو پہلی اینٹری کی لنک

2۔ کیسے خیال آیا اردو بلاگنگ کا اور کن مسائل کا سامنا رہا؟
@ مجھے بچپن سے ہی لکھنے سے کافی لگاؤ رہا ہے اور اردو زبان سے بے حد محبت ہے اسکے علاوہ انٹرنیٹ ڈیویلپمنٹ میرا ذریعہ معاش بھی ہے اور شوق بھی۔ تو اردو بلاگنگ ایک راستہ تھا کہ میں اپنے ان شوق اور اپنی صلاحیت دونوں کو پوری دنیا کے ساتھ بانٹوں۔ اور انہی دنوں میں نے انگریزی میں بھی بلاگنگ شروع کر رکھی تھی تو ٹیکنیکل مسائل صرف اردو ٹائپ کرنے کی حد تک تھے جس کے لیے میں نے ایک فارسی ٹیکسٹ ایڈیٹر کو تبدیل کر کے اردو اور عربی ٹیکسٹ ایڈیٹر کی شکل دی جسکو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں:
ربط

3۔ بلاگنگ شروع کرتے ہوئے کیا سوچا تھا؟ صرف بلاگ لکھنا ہے یا خاص کر اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کا مقصد پیش نظر تھا؟
@ میری اول ترین خواہش تھی کہ میری اس کوشش سے ہماری اولاد کو اردو سے لگاؤ رہے گا۔ اسی سلسلے میں، میں نے کچھ عرصے پہلے ایک بچوں کے لئے اردو قصہ کہانی پوڈکاسٹ بھی شروع کی تھی جو کہ فی الحال مصروفیت کی بنا پر بند کی ہوئی ہے۔ ملاحظہ ہو اسکے علاوہ مجھے امید تھی کہ میری طرح اور لوگ بھی اردو میں بلاگنگ کرنا شروع کرینگے اور اس طرح اردو کی لکھت پڑھت انٹرنیٹ کے ذریعہ پوری دنیا میں برقرار رہے گی…

4۔ کافی عرصہ سے اردو بلاگنگ چھوڑ رکھی ہے آپ نے۔ کیا وجہ ہے؟
@ مصروفیت۔ میں ایک اردو کمیونٹی کا ابتداء کرنے والا ہوں جہاں اور لوگ اردو میں بلاگنگ کرسکتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کے اردو کے شائقین جو اردو میں بلاگنگ کرنا چاہیں وہ اگر اس لیے رُکے ہوئے ہیں کہ انکو ویب سائٹ بنانا یا اردو میں ٹائپ کرنا دُشوار لگ رہا ہے انہیں ایک پلیٹ فارم مُہیا کیا جاۓ تاکہ وہ باآسانی اردو بلاگنگ کر سکیں۔ ربط

5۔ کیا آپ اردو بلاگنگ کو دوبارہ شروع کرنے ارادہ رکھتے ہیں؟
@ میں نے اردو بلاگنگ کم کردی ہے مصروفیت کی وجہ سے لیکن بند ہر گز نہیں کی۔ میں اب سلام بزار اردو کمیونٹی میں بلاگنگ کر رہا ہوں جہاں میں Drupal کا استعمال کر رہا ہوں۔ ملاحظہ ہو

6۔ آپ کے خیال میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو اپنا مقام کب اور کیسے حاصل کرسکے گی؟
@ میری رائے ہے کہ اس سوال کو تبدیل کیا جائے۔ بجائے یہ پوچھنے کے کہ اردو ٹیکنالوجی کی دنیا میں کیا کردار ادا کریگی یہ پوچھنا چاہئے کہ ٹیکنولوجی اردو کو کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ میرا خیال ہے کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی آگے بڑھتی جا رہی ہے اردو کو بھی فروغ مل رہا ہے…مثلاً اردو لکھنا پڑھنا اور اسے سن کر لطف اندوز ہونا اب بہت آسان ہو گیا ہے۔ اردو کتب انٹرنیٹ کے ذریعہ کینیڈا میں بیٹھے بیٹھے میسّر ہیں۔ اردو کمپیوٹر پر لکھنے کے بے تحاشہ طریقے ایجاد ہو چُکے ہیں…YouTube پر اردو ویڈیو موجود ہیں وغیرہ وغیرہ۔

7۔ اگر آپ سے کہا جائے کہ اردو کے فروغ کے لیے آپ نے جو کردار ادا کیا ہے، اسے بیان کریں تو اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟
@ میں نے تھوڑی بہت جدو جہد اردو میں بلاگنگ شروع کرنے کے لیے کی لیکن آجکل کافی لوگ مجھ سے کہیں زیادہ مدد کر رہے ہیں اردو کی اور مجھے یہ دیکھ کر بے انتہا خوشی ہوتی ہے۔ امید ہے کہ سلام بزار اردو کمیونٹی بھی اردو بلاگنگ لوگوں تک لانے میں کامیاب ہوگی۔

8 ۔ کیا آپ ہمارے قارئین کو بتانا چاہیں گے کہ آجکل آپ کن پراجیکٹس میں مصروف ہیں؟
@ اردو کے سلسلے میں میں صرف سلام بزار کمیونٹی کو تیار کر رہا ہوں۔ انشاءاللہ عنقریب اس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد بچوں کے لیۓ اردو پوڈکاسٹ کو دوبار شروع کرنے کا کام کرونگا۔

9۔ مستقبل میں آپ کیا کرنا چاہتے ہیں؟
@ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے بچوں میں اردو کا شوق قائم رہے۔ خصوصاً انٹرنیٹ کے زمانے میں اردو کم سے کم استعمال میں آرہی ہے۔ اردو لکھنے پڑھنے کی سہولیات کو اپنے بچوں کیلیۓ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ میں یہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ لوگ اردو میں فراوانی سے بلا جھجک بات چیت کریں نہ صرف بول چال میں بلکہ Email, Facebook, MySpace, Instant Messaging میں بھی۔

10۔ اردو بلاگرز یا جو اردو کی ترجیح کے لیے کوشاں ہیں، ان کو آپ کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟
@ اگر آپ اردو میں بلاگنگ کر رہے ہیں تو بہت خوب۔ سلام بزار کمیونٹی میں اپنی ویب سائٹ کا ایڈریس سے ہمیں مطلع کریں۔اور اگر اردو بلاگنگ کا ارادہ اور شوق ہے تو فوراً سلام بزار میں اپنا نام درج کرائیں اور دَھنا دَھن بلاگنگ کرنا شروع ہوجائیں۔۔۔

یہ تو تھے بلاگنگ کے حوالہ سے کچھ سوالات۔ اب کچھ معلومات عمیر سلام کے بارے میں۔
1۔ آپکا مکمل نام؟ عمیر عبدالسلام
2۔ آپ کب اور کہاں پیدا ہوئے؟ کراچی یکم فروری
3۔ ابھی آپ کہاں رہائش پذیر ہیں؟ کیلگری شہر، کینیڈا
4۔ آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ، کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
زندگی ایک بے حد مختصر سفر ہے۔ ہم سب مسافر ہیں جو چند لمحوں کے لیۓ اس دنیا میں آئے ہیں۔ یہاں ہمارا امتحان ہے۔ہم سب کی زندگیوں کا مقصد یہ ہے کہ یہ مختصر زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقہ سے گزر جائے۔ آمین

عمیر سلام! اپنی مصروفیات میں سے “منظرنامہ” کے لیے وقت نکالنے کا بے حد شکریہ۔
جی قارئین! آپ نے عمیر سلام سے ہونے والی بات چیت پڑھی۔ کیا اچھا لگا، کیا برا۔۔۔؟ کیا نیا دیکھنا چاہتے ہیں، اپنی آراء سے ہمیں مطلع کیجئے۔
بہت جلد ان شاء اللہ ایک نئے انٹرویو کے ساتھ حاضر ہوں گے۔ تب تک کے لیے اجازت۔
اللہ حافظ

4 تبصرے:

  1. عمیر عبدالسلام صاحب بہت خوشی ہوئی آپ کے بارے میں پڑھ کر بہت شکریہ اور منظر نامے کا بھی بہت شکریہ جس کی وجہ سے بہت اچھے اچھے دوستوں کے بارے میں پڑھنے کو مل رہا ہے

  2. […] عمیر سلام نے 21 اگست 2002ء کو ”ٹرائی پاڈ ڈاٹ کام“ سے اپنی اردو بلاگنگ کا آغاز کیا۔ اس کے بعد فروری 2003ء میں وہ ”سلام بازار ڈاٹ کام“ پر منتقل ہو گئے اور آج کل ”عمیر سلام ڈاٹ کام“ پر ہیں۔ میری معلومات کے مطابق عمیر سلام جنوری 2007ء تک اردو بلاگنگ کرتے رہے اور پھر چھوڑ گئے۔ منظرنامہ پر عمیر سلام کا انٹرویو۔ […]

اپنا تبصرہ تحریر کریں

اوپر