آپ یہاں ہیں
صفحہ اول > شناسائی > پاکستانی سے شناسائی

پاکستانی سے شناسائی

السلام علیکم۔۔۔!

سلسلہ “شناسائی” کے ساتھ آپ کے میزبان ماوراء اور عمار حاضر ہیں۔ آج ہم جن شخصیت کا انٹرویو کرنے جا رہے ہیں، ان کا شمار پرانے اردو بلاگرز میں ہوتا ہے۔ آپ نے 2005 میں اردو بلاگنگ کا آغاز کیا۔ اور اب تک اردو بلاگنگ کر رہے ہیں۔
 آپ ایک نہایت ہی متحمل شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ اردو کی دنیا میں پاکستانی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ تو آئیں وقت ضائع کیے بنا منیر احمد طاہر سے ملتے ہیں۔

خوش آمدید پاکستانی

شکریہ

پاکستانی سب سے پہلے ہم آپ سے اردو اور اردو بلاگنگ کے حوالے سے بات کرتے ہیں۔

1۔ یہ بتائیں کہ آپ نے اردو بلاگنگ کب شروع کی؟
@
4 اپریل 2005 کو پہلی تحریر بلاگسپاٹ پر پوسٹ کی اور یہ رہا لنک

2۔ آپ کو اردو بلاگنگ کا خیال کیسے آیا اور اس وقت اردو بلاگنگ میں کن مسائل کا سامنا رہا؟
@
بلاگنگ سے پہلے میں فری ہوسٹ پر بنائی گئی اپنی سائٹ جیو پاکستان اور جرمنی سے امجد علی طاہر کی اردو نیشن میں لکھا کرتا تھا۔ یہ ان پیج کا زمانہ تھا۔ اس کے بعد امجد بھائی نے وائس آف اردو سروس جرمنی کے نام سے یونیکوڈ میں سائٹ کا آغاز کیا تو مجھے بھی یونیکوڈ میں لکھنے کا شوق چرایا اور یوں نیٹ پر نبیل، زکریا، خاور، جہانزیب اشرف، قدیر اور دیگر (جن کے نام اب ذہن میں نہیں آ رہے ۔۔۔ معذرت) اردو بلاگرز سے ملاقات ہو گئی۔ جنہوں نے اس وقت اردو لکھنے میں میری بہت مدد کی، بلاگسپاٹ اردو تھیم نبیل بھائی نے فراہم کیا۔ اور یوں بلاگ میری زندگی کا حصہ بن گیا۔

3۔ بلاگنگ شروع کرتے ہوئے کیا سوچا تھا؟ صرف بلاگ لکھنا ہے یا اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کا مقصد پیش نظر تھا؟
@
بلاگ شروع کرنے کا مقصد اپنے دل کی بھڑاس نکالنا ہی تھا باقی رہی اردو بلاگنگ کے فروغ کی بات تو میرے جیسا کم پڑھا لکھا انسان اردو بلاگنگ کو فروغ کیسے دے سکتا ہے جسے آج تک خود ٹھیک طرح سے اردو لکھنا نہ آئی ہو۔

4۔ آپ زیادہ تر کن موضوعات پر لکھنا پسند کرتے ہیں؟
@
سیاست میرا پسندیدہ موضوع ہے اور ویسے بھی آج کل کے حالات میں اس پر لکھنا بہت ہی آسان ہے۔

5۔ آپ کے خیال میں ٹیکنالوجی کی دنیا میں اردو اپنا مقام کب اور کیسے حاصل کرسکے گی؟
@
اردو کو پڑھے لکھے ہنرمند نوجوان کی ضرورت ہے، میرے خیال وہی آ کر انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ اس کی ایک چھوٹی سی مثال اردو محفل ہے، جہاں نبیل بھائی کی سالاری میں بہت بہتر اور منظم کام ہو رہا ہے۔

 6۔ اگر آپ سے کہا جائے کہ اردو کے فروغ کے لیے آپ نے جو کردار ادا کیا ہے، اسے مختصر بیان کریں تو اس بارے میں آپ کیا کہیں گے؟

@
اردو کے فروغ میں میرا کوئی حصہ نہیں ہے اور نہ ہی میں اس قابل ہوں، ہاں مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میں اردو کو فروغ دینے والی کمیونٹی کا حصہ ہوں۔

7۔ آپ کے خیال میں جو اردو کے لیے کام ہو رہا ہے کیا وہ اطمینان بخش ہے؟
@
اپنی مدد آپ کے تحت تسلی بخش کام ہو رہا ہے۔ مجھے گلہ سرکار سے ہے۔ سرکاری طور پر اردو کے حوالے سے کام نہ ہونے برابر ہے۔

8 ۔ مستقبل میں کیا منصوبے ہیں؟
@
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے

9۔ پرانے اور نئے بلاگرز میں کون پسند ہے؟ کسے شوق سے پڑھتے ہیں؟
@
ماشاءاللہ سبھی اچھا لکھنے والے ہیں۔ پرانے میچور ہو چکے ہیں اور نئے تھوڑے جلدی میں ہوتے ہیں آتے ہی تبصرے اور تھیم کا وادیلا مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ ویسے اگر انصاف کی نظر سے دیکھا جائے تو شروع میں ہر بلاگر ایسا ہی ہوتا ہے۔

10۔ اردو بلاگرز یا جو اردو کی ترجیح کے لیے کوشاں ہیں، ان کو آپ کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟

@
پیغام وہی جو ہر پرانا بلاگر نئے بلاگر کو دیتا ہے یعنی آپ نے جس نے مقصد کے لئے بلاگ شروع کیا ہے وہی مقصد آپ کے پیشِ نظر ہونا چاہیے نہ تبصرے، تھیم یا بلاگ ٹریفک۔ اس کے لئے آپ کو اردو کمیونٹی میں گھلنا ملنا ہو گا، مختلف فورمز اور سائٹ پر اپنا بلاگ رجسٹر کرانا ہو گا تبھی آپ کے بلاگ کی ٹریفک بڑھے گی اور تبصروں میں اضافہ ہو گا۔ رہی تھیم کی بات تو اس کے لئے اردو ٹیک پر رجسٹر ہوں وہاں بیشمار تھیم آپ کے منتظر ہیں۔

پاکستانی، یہ تو تھے کچھ رسمی سوالات جن سے قارئین کو آپ کی بلاگنگ اور دوسرے پروجیکٹس کے حوالے سے آگاہی ہوئی، ان سوالات کے جواب پڑھ کر یقیناً ہمارے قارئین کو آپ کی ذات کے بارے میں بھی کچھ جاننے کا تجسس ہوا ہو گا،
تو آئیں کچھ منفرد سوالات کرتے ہیں۔

پہچان:
1۔ آپ کا نام؟ منیراحمد طاہر
2۔ آپ کی جائے پیدائش؟ ڈیرہ غازی خان
3۔ آپ حالیہ قیام کہاں ہے؟ ڈیرہ غازی خان
4۔ آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
یہ سب سے مشکل سوال ہے جس نے مجھے سوچنے پر مجبور کر دیا ہے یہ صحیح ہے کہ کسی خلش کے بغیر زندگی بسر نہیں ہو سکتی مگر جب میں آنکھیں بند کرتا ہوں تو منظر نامے پر کوئی منظر ابھر کر سامنے نہیں آتا۔
میرے دامن میں نہ کلیاں ہیں نہ کانٹے نہ غبار
خواہش کوئی نہیں، الحمداللہ اللہ نے اوقات سے بڑھ کر دیا ہوا ہے۔
5۔ اپنے پس منظر اور اپنی تعلیم کے بارے میں ہمیں کچھ بتائیں گے؟
پس منظر، بلوچ فیملی سے تعلق، جائے پیدائش اور رہائش ڈیرہ غازی خان میں ہی، تعلیم اتنی ہے کہ انگریزی میں دستخط کر سکتا ہوں۔

پسندیدہ:

1۔ کتاب ؟ قرآن مجید
2۔ گانا ؟ کو ئی خاص نہیں، وقت کے ساتھ پسند بدلتی رہتی ہے۔
3۔ رنگ ؟ سبز
4۔ کھانا (کوئی خاص ڈش) ؟ کوئی خاص نہیں، جو مل جائے الحمداللہ
5۔ موسم؟ بہار

غلط/درست:

1۔ مجھے بلاگنگ کی عادت ہو گئی ہے؟ درست
2۔ میں بہت شرمیلا ہوں؟ درست
3۔ مجھے اکثر اپنے کئے ہوئے پر افسوس ہوتا ہے؟ غلط
4۔ مجھے زیادہ باتیں کرنا اچھا لگتا ہے؟ غلط
5۔ مجھے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے؟ درست
6۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا شوق ہے؟ درست
7۔ میں ایک اچھا دوست ہوں؟ اس کا فیصلہ دوست ہی بہتر کر سکتے ہیں۔
8۔ مجھے غصہ بہت آتا ہے؟ غلط

آپ کے خیال میں:

1۔ سوال کرنا آسان ہے یا جواب دینا؟ سوال کرنا
2۔ بہترین رشتہ کون سا ہے؟ میاں بیوی کا
3۔ آپ کی اپنی کوئی ایسی عادت جو آپ کو خود بھی پسند ہو؟ دھیما پن

دلچسپی:

1۔ شاعری سے؟ ہاں
2۔ کوئی کھیل؟ بچوں سے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے، اللہ نے دو کھلونے دیئے ہیں انہی کے ساتھ کھیلتا رہتا ہوں۔
3۔ کوئی خاص مشغلہ؟ نیٹ، بلاگنگ

برا:

1۔ زندگی کا کوئی لمحہ؟ ہر لمحہ بھرپور ۔۔۔ اللہ کی بہت بڑی عنایت ہے مجھ ناچیز پر
2۔ دوسروں کی کوئی ایسی بات جو آپ کا موڈ خراب کر دیتی ہو؟ غلط بیانی سے کوفت ہوتی ہے۔
3۔ دن کا وقت؟ شام کا وقت بچوں کے ساتھ

کیا آپ :

1۔ اپنے ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں، تو کیا؟
ہاں، مگر کوئی سیاسی عہدہ لیکر ملک کی خدمت نہیں کر سکتا کیونکہ یہاں گند بہت ہوتا ہے، ایویں ہی جو کچھ اور جہاں تک ہو سکتا ہے کر رہا ہوں اور انشاءاللہ کرتا رہوں گا۔
2۔ جدیدیت کے قائل ہیں؟ ہاں، کیونکہ ایک مسلمان ہوتا ہی جدت پسند ہے۔
3۔ آزادئ نسواں کے حق میں ہیں؟ ہاں، لیکن ایک خاص حد تک

کوئی ایک منتخب کریں :

1۔ دولت، شہرت یا عزت؟ عزت
2۔ بالی وڈ، لالی وڈ یا ہالی وڈ؟ کوئی وڈ نہیں، یہ سوال اگر جوانی میں پوچھا جاتا تو اس وقت بہتر جواب دے سکتا تھا۔ اب اتنا ٹائم ہی نہیں ہوتا کہ کسی وڈ کے بارے میں رائے قائم کی جا سکے۔
3۔ پسند کی شادی یا ارینج شادی؟ ٹو ان ون
4۔ مینارِ پاکستان یا ایفل ٹاور؟ مینار پاکستان
6۔ پاکستان، امریکہ یا کوئی یورپین ملک؟ پاکستان

منیر احمد طاہر، اپنا قیمتی وقت نکال کر منظر نامہ کے لیے جواب دینے کا بہت بہت شکریہ۔

8 تبصرے:

  1. شکریہ راشد اور جہانزیب
    دوسرے کی بھی تصویریں اردو محفل اور پاکستانی بلاگ پر پوسٹ کی تھیں، بہرحال اگست میں دونوں کی سالگرہ ہے، تازہ تصویریں پوسٹ کر دوں گا۔ دیکھ لیجیئے گا اور بتائیے گا کہ کیسا ہے میرا یہ بلیک اینڈ وائٹ جوڑا۔

  2. […] اپریل 2005ء میں منیر احمد طاہر نے ”اپنا ڈیرہ“ کے عنوان سے بلاگ بنایا۔ ”ایک چھوٹا سا بلاگ“ کے عنوان سے تحریر لکھ کر اپنی اردو بلاگنگ کی شروعات کی، پھر نئی جگہ پر پاکستانی کے نام لکھنے لگے۔ منیر صاحب کاشمار بھی آج کے اہم بلاگر اور ان لوگوں میں ہوتا ہے جو شروع دن سے لے کر آج تک مسلسل باقاعدگی سے بلاگنگ کر رہے ہیں۔ منظرنامہ پر منیر احمد طاہر کا انٹرویو۔ […]

اپنا تبصرہ تحریر کریں

اوپر