آپ یہاں ہیں
صفحہ اول > اعلانات/ متفرقات > مہم: ایک بلاگر – ایک کتاب

مہم: ایک بلاگر – ایک کتاب

پچھلے دنوں محمد علی مکی نے تجویز پیش کی تھی کہ “ایک بلاگر۔ایک کتاب” کا سلسلہ شروع کیا جائے اور ہر بلاگر کسی بھی ایک کتاب کو یونی کوڈ فارمیٹ میں کمپوز کرکے پیش کرنے کی کوشش کرے۔ اس ضمن میں یہ تجویز بھی دی گئی کہ یہ منصوبہ منظرنامہ کے پلیٹ فارم سے شروع کیا جائے۔ ہمارے لیے یہ ایک منصوبہ نہیں، بلکہ ایک اپیل ہے، ایک پکار ہے تمام بلاگرز کے لیے ۔ تاہم ہمیں امید ہے کہ ہم مستقل قریب میں اپنے ساتھیوں کی مدد سے ایک شاندار اردو لائبریری پیش کرنے میں کامیاب ہوسکیں گے۔

اس لیے ہماری تمام بلاگر حضرات سے درخواست ہے کہ فرصت کے اوقات میں کسی بھی کتاب یا مختصر سے کتابچہ کو ہی یونیکوڈ فارمیٹ میں لکھنے کا کام شروع کریں۔ کم از کم ایک صفحہ روزانہ لکھنے کی کوشش کریں۔ کمپوزنگ مکمل ہونے کے بعد اس پر ایک نظر بغرض تصحیح بھی ڈالیں اور پھر اپنے بلاگ پر پیش کردیں۔ کتاب کا آغاز کرنے سے پہلے اپنے بلاگ پر اس کتاب کا ذکر کر دیں، تاکہ باقی بلاگرز کے علم میں ہو۔ علاوہ ازیں منظر نامہ پر بھی آپ کے پراجیکٹ کا اعلان کیا جائے گا۔ کام کے نتائج دیکھنے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے اور باقاعدہ ایک لائبریری کے قیام کے لیے قدم اٹھایا جائے گا۔ اگر یہ مہم کامیاب رہی تو اس پراجیکٹ پر ایوارڈز بھی ترتیب دئیے جا سکتے ہیں۔ یہ مکمل طور آپ پر ہو گا کہ آپ کس کتاب کا انتخاب کرتے ہیں، اس کی ٹائپنگ کیسے کرتے ہیں، اگر آپ کسی ضخیم کتاب کو برقیانے جا رہے ہیں تو آپ کسی اور بلاگر سے مل کر ایک ٹیم بنا کر بھی اس پر کام کر سکتے ہیں۔

ہمیں یقین ہے کہ ہمارے اس کام کو اردو محفل سمیت ان تمام محبانِ اردو کا ساتھ اور تعاون میسر رہے گا جو ایسے ہی کسی منصوبے پر کام کررہے ہیں۔

تو آئیں۔۔۔ اردو زبان کے فروغ کے لیے جاری کوششوں میں آپ بھی ہمارا اس مہم میں ساتھ دیں، ایک قدم آگے بڑھائیں اور تاریخ رقم کردیں۔

2 تبصرے:

  1. پوسٹ دوبارہ شامل کرکے اچھا کیا، پراجیکٹ کا صفحہ بھی واپس آگیا ہے تاہم پراجیکٹ کے صفحہ پر تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، اسے دیکھ لیں تاکہ پراجیکٹ کے صفحہ پر تبادلہ خیال کیا جاسکے..

اپنا تبصرہ تحریر کریں

اوپر