آپ یہاں ہیں
صفحہ اول > نقطہ نظر > بلاگنگ کیا ہے؟‌ از راشد کامران

بلاگنگ کیا ہے؟‌ از راشد کامران

منظر نامہ پر نقظہ نظر کے سسلے میں‌اس بار “بلاگنگ کیا ہے؟“‌کو موضوع بحث بنایا گیا ہے لیکن ساتھ ساتھ مضمون کی حدود قیود بھی کچھ سوالات کے ذریعے واضح کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں‌ میرا پاکستان بلاگ کے افضل صاحب‌ اپنی ایک تحریر پہلے ہی شائع کرچکے ہیں۔ اس مضمون میں میری کوشش ہوگی کہ پوچھے گئے سوالات کے جواب میں اپنا نقطہ نظر واضح‌کروں اور ساتھ ساتھ دوسرے اردو بلاگرز سے یہ اپیل بھی کہ مشترکہ بلاگنگ کے اس سلسلے کو فروغ دیں تاکہ مزید اور وسیع مشترکہ اردو بلاگز وجود میں‌ آسکیں۔

بلاگنگ کیا ہے؟ بلاگنگ کی اہمیت۔
بلاگنگ کی کوئ ایک تعریف وضع کرنا خاصا مشکل کام ہے۔ اسے ہم ایک اضافی اصطلاح بھی کہہ سکتے ہیں‌ جہاں بلاگنگ کرنے والے اپنے ماحول کے حساب سے اس کی مختلف تعریف کرسکتے ہیں۔ ایک کارپوریٹ نیوز نیٹ ورک کے لیے بلاگ کی تعریف اس سے کہیں مختلف ہوگی جو ایک عام روز مرہ کے معمولات انٹرنیٹ پر شائع کرنے والے بلاگر کا مقصد۔ بہت ہی وسیع تعریف کے لیے ہم کہہ سکتے ہیں‌ کہ معلومات کے تبادلے، احساسات و جذبات کے اظہار اور تبادلہ خیال کے لیے تکلفات سے مبرا صوتی، بصری یا تحریری ذریعہ اظہار کے لیے ویب کا استعمال بلاگنگ کہلائے گا۔

بلاگنگ کو انفارمیشن کی ترسیل کا تیز ترین ذریعہ کہا جاسکتا ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر اس کے استعمال کا دائرہ کار بھی وسیع تر ہوتا جارہا ہے۔ اظہار رائے کی مطلق آزادی ہی دراصل بلاگ کو دوسرے ذرائع سے ممتاز بناتی ہے یہی وجہ ہے کہ عام معلومات کے حصول کے دوسرے ذرائع خود انفارمیشن کی تیز ترین ترسیل کے لیے بلاگز کا سہارا لینے لگے ہیں۔ عام قاری، ناظر اور سامع کے لیے فوری طور پر کسی بھی مباحثہ یا انفارمیشن کی زنجیر میں‌ اپنی آواز شامل کرنا بلاگنگ کا ایک اہم اور خصوصی پہلو ہے اسی وجہ سے آپ اس کو آج کی دنیا کا آزاد ترین میڈیا کہہ سکتے ہیں۔ بلاگنگ کی اہمیت اور اس کے اثرات کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انسانی آزادی کی دشمن حکومتیں بلاگنگ اور بلاگرز پر خصوصی توجہ دینے لگی ہیں۔

کیا بلاگنگ کے کچھ اصول ہیں؟‌
بلاگنگ کا واحد اور سنہرا اصول ایمانداری ہے یعنی جو کچھ آپ بلاگ میں بیان کررہے ہیں اس کی سچائی میں آپ پورے ایماندار ہیں‌ اور جانتے بوجھتے حقیقت کو توڑنے مروڑنے کی کوشش نہیں کرتے تو بلاگ کا مقصد حاصل ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ بلاگنگ کا جو بھی اصول وضع کیا جائے یا بیان کیا جائے اس کے اطلاق پر بحث کی جاسکتی ہے اور غالبا اس کا اطلاق مختلف سوچ، ثقافت اور قومیت کے بلاگز پر یکساں طور پر نہ کیا جاسکے۔ بنیادی طور پر ایک ذاتی بلاگ کے اصول و قواعد بلاگر اپنی سوچ کے حساب سے خود وضع کرتا ہے یعنی جو بات اس کے نزدیک درست ہو وہی اصول کہلائے گا اور ایک مشترکہ بلاگ کے اصول و قوانین کسی ادارے یا متعلقہ افراد کے کے باہمی مشورے سے طے کیے جاتے ہیں جس میں لامحالہ ادارے یا گروہ کے مفادات کا تحفظ پہلا اور بنیادی اصول ہوگا۔

بہترین بلاگنگ کا میعار کیا ہے؟
جیسا کے بلاگ کی تعریف کے سلسلے میں اضافیت کے قانون کا اطلاق کیا گیا بالکل اسی طرح “بہترین”‌ بھی ایک اضافی اصطلاح ہے جس کی ایک تعریف ممکن نہیں جو چیز کسی فرد یا کمیونٹی کی نظر میں بہترین مانی جاتی ہو عین ممکن ہے کہ کوئی دوسرا فرد یا کمیونٹی اسی چیز کو بہترین نہ سمجھتا ہو کیونکہ بلاگنگ کو اس اصول سے ماوراء‌نہیں سمجھا جاسکتا چناچہ ہم مطلق بہترین کا فیصلہ نہیں‌ کرسکتے۔ ہاں چند باتوں‌ پر توجہ دے کہ کسی بھی بلاگ کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکتا ہے
1۔ بلاگ تسلسل سے لکھا جائے۔
2۔ جس موضوع پر لکھنا مقصود ہو اس سے متعلقہ معلومات کی تصدیق کر لی جائے اور جہاں ضرورت ہو بلاگ میں‌ روابط فراہم کیے جائیں۔
3۔ اختلاف رائے کا احترام کیا جائے۔
4۔ بہت بڑی اکثریت کی رائے سے اختلاف کرنا ہو تو الفاظ کے چناؤ میں‌خصوصی احتیاط برتی جائے تاکہ بلاگ پر فتنہ کی چھاپ نہ لگے۔
5۔ جہاں‌ تک ممکن ہو اپنے الفاظ استعمال کیے جائیں دوسرے ماخذین سے مواد مسلسل بلاگ میں شائع کرنے سے آپ اپنے بلاگ کی شناخت سے محروم ہوجائیں گے اور قارئین کے لیے آپ کے بلاگ کی اہمیت ختم ہوجائے گی کیونکہ ایک ہی کمیونٹی سے وابستہ لوگوں کے انفارمیشن کے حصول کے ماخذ کم و بیش یکساں ہوتے ہیں۔

اردو انگریزی کی بحث۔
بلاگنگ کے لیے سب سے بہترین زبان وہی ہے جس میں‌ آپ بھرپور اظہار خیال کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے ہی کئ مباحثے ہوچکے ہیں اور دونوں‌ اطراف کے لوگوں کے اپنے اپنے دلائل ہیں۔ میری نظر میں اردو اور انگریزی دونوں‌میں ہی پاکستانی بلاگرز اچھی اور میعاری بلاگنگ کررہے ہیں اور دونوں زبانوں میں ہی بے کار اور لا حاصل بلاگنگ کا سلسہ بھی جاری ہے۔ نا اردو بلاگرز کے پاس کسی موضوع پر معلومات کی کمی ہے اور نا ہی انگریزی میں‌کچھ ایسا لکھا جارہا ہے جس پر اردو میں نہیں لکھا گیا یا نہیں‌ لکھا جاسکتا۔ اردو بلاگنگ بہرحال ابھی ابتدائی دنوں میں‌ہے اور مختلف لوگ انواع و اقسام کے خیالات پر کام کررہے ہیں اور جلد ہی یہ بحث بھی اپنے انجام کو پہنچ جائے گی۔

3 تبصرے:

  1. راشد بھائی اچھی تحریر ہے، مشترکہ بلاگنگ پر میں نے افضل صاحب کے بلاگ پر کچھ کمنٹ کیا ہے، وہ دیکھ لیں، شکریہ۔ مختصرآ یہ کہ یہ کام بالکل ممکن ہے اور اگر صحیح منصوبہ سازی کی جائے تو بہت اچھے نتائج نکلیں گے انشا اللہ۔

اپنا تبصرہ تحریر کریں

اوپر