جعفر سے شناسائی

فروری 2009 میں ایک بلاگر نے اردو بلاگنگ میں قدم رکھا اور آتے ساتھ ہی اپنی شگفتہ تحاریر کی وجہ اردو بلاگنگ کی دنیا پر چھا گئے۔ آپ نے جب اردو بلاگنگ میں قد م رکھا تو پہلی ہی تحریر میں کچھ ایسے لکھا تھا کہ ”تو میرے پیارے بلاگو دوستو ۔۔۔ میں‌نے بھی اس حمام میں کپڑے اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بلاگ کے نام سے فکر مند نہ ہوں یہاں‌کوئی سنجیدہ بات نہیں‌ہوگی۔۔۔ کیونکہ اس پر پہلے ہی سب لگے ہوئے ہیں :)
جعفر اپنے بلاگ پر تو اپنا یا جانے کس کا حال دل بیان کرتے ہی ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ دل جلوں کے لئے مرہم کا انتظام بھی انہوں نے اپنے بلاگ پرکر رکھا ہے تو آئیے ان سے پوچھتے ہیں کہ اس میں کیا راز چھپا ہے۔

خوش آمدید جعفر۔

سب سے پہلے ہم آپ کے بارے میں کچھ جاننا چاہیں گے۔

- آپ کی جائے پیدائش اور حالیہ مقام کون سا ہے؟
@ فیصل آباد میں پیدا ہوا۔ اب متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ میں بسلسلہ شکم مقیم ہوں۔

- کچھ اپنی تعلیم اور خاندانی پس منظر کے بارے میں بتائیں؟
@ کیوں پوچھ کر شرمندہ کرتے ہیں۔ میری کس بات سے آپ کو شک ہوا کہ میں پڑھا لکھا ہوں؟ ویسے چند جماعتیں پاس ہوں جو دس سے کچھ زیادہ ہیں۔ والد کا کاروبار تھا، زور “تھا” پر ہے۔ چار بہنیں اور میرے سمیت دو بھائی ہیں۔

- آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
@ زندگی کی ابھی تک سمجھ نہیں آئی، جس دن سمجھ آئی بس اس کے اگلے ہی دن آپ کو مقصد بھی ای میل کردوں گا، اور خواہشات کی کیا پوچھتے ہیں کہ چچا کہہ گئے تھے ڈیڑھ صدی قبل ہی کہ ہزاروں خواہشیں اور دم نکلے وغیرہ۔۔۔

- یہ بتائیے کہ بلاگنگ کے بارے میں کب اور کیسے پتا چلا تھا؟
@ وہ تو جی ہفتہ بلاگستان میں بھی ایک جگہ لکھا تھا کہ ڈفرستان سے پتہ چلا تھا بلاگنگ کا اسی سال کے شروع میں۔

- کب سوچا کہ خود بھی بلاگنگ شروع کرنی چاہیے؟ اور کیوں؟
@ ڈفر نے کہا تھا میرے کسی تبصرے کے جواب میں کہ بھائی تو بھی بلاگ بنالے، سپر ہٹ ہوگا۔ میں ٹھہرا شہرت کا بھوکا ، تو بس میں نے اسی لالچ میں بلاگ بنا لیا۔ کیوں کا جواب بھی اسی میں آگیا ہوگا!!!

- بلاگنگ کے آغاز میں کن کن مشکلات کا سامنا رہا؟
@ کوئی مشکل نہیں ہوئی جی۔۔۔ اللہ عبدالقدوس کو دس بیٹے عطا کرے۔ انہوں نے میرے جیسے جاہلوں کے لئے پکی پکائی کھیر بنا کے رکھ دی ہے، ورڈ پریس ڈاٹ پی کے کی صورت میں۔

- آپ بلاگ کو کس حد تک اہمیت دیتے ہیں۔ کیا یہ آپ کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے؟
@ اہمیت اس سے ظاہر ہوتی ہے کہ میں تقریبا نوے سے زائد پوسٹیں کرچکاہوں اور ہر تبصرے کا جواب بھی دیتا ہوں۔ شخصیت اور عکاسی والے سوال ذرا مشکل ہیں۔ اس کا جواب تو میرا کوئی جاننے والا ہی دے سکتا ہے!

- یہ بتائیے کہ” حال دل” اور پھر ”دل جلوں کے لئے مرہم کا انتظام بھی۔۔” یہ ڈھکے چھپے الفاظ میں کن کو دل جلے کہا گیا ہے۔ اور بلاگ کا نام ”حال دل” ہی کیوں؟
@ ہممم۔۔۔ یہ بات۔۔۔ دیکھیں جی بندہ جو ہوتا ہے ناں یہ پریشر ککر کی طرح ہوتا ہے، کوئی راستہ نہ ہو پریشر کے نکلنے کا تو پھٹ جاتا ہے۔ بندہ بہت کچھ دیکھتا ، سنتا اور سہتا ہے اور اگر ان سب کے نکاس کا بندوبست نہ ہواور بندے کے دل کا حال ، دل کے اندر ہی رہ جائے تو اس کی اوپر والی منزل میں خرابیاں پیدا ہوجاتی ہیں۔ اور آپ تو جانتے ہی ہیں کہ اگر پروسیسرہی خراب ہوجائے تو کمپیوٹر چلتا نہیں۔ باقی مرہم والی بات کا مطلب یہ ہے کہ جی ہنسی علاج غم ہوتی ہے!

- آپ بلاگ پر زیادہ تر کن موضوعات پر لکھتے ہیں ؟
@ یہ بات آپ کی بہت مذاقیہ ہے!! موضوعات پر تو جی دانشور لوگ لکھتےہیں مثلا افراط زر اور بہبود آبادی کا باہمی تعلق یامیرا کی شادی کا اوزون کی تہہ پر کیا اثر پڑے گا؟ وغیرہ وغیرہ تو میں اتنا پڑھا لکھا تو ہوں نہیں کہ ایسے “خالص” موضوعات پر لکھ سکوں، بس جو واہی تباہی ذہن میں آتی ہے، بک دیتا ہوں!

- آپ بلاگرز کی تعداد زیادہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں، یا پھر معیاری بلاگرز پر؟
@ میری ذاتی رائے میں تو ہر نئے بندے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ اگر وہ سنجیدہ ہو تو خود ہی معیاری ہوجائے گاورنہ وقت کی چھلنی سے گزر کر ختم ہوجائے گا۔ اور ویسے معیار کا فیصلہ کرے گا کون؟

- آپ کی نظر میں معیاری بلاگ کیسا ہوتا ہے؟
@ جس پر پڑھنے والا اپنا وقت خرچ کرے اور تحریر پڑھ کراس پر فیڈ بیک دے۔

- آپ کیا سمجھتے ہیں کہ نئے بلاگرز کو کس طرف توجہ دینی چاہے۔ بلاگ کی ترتیب پر یا پھر اچھی تحریروں پر؟
@ ترتیب کی تو کوئی مشکل ہے ہی نہیں اب۔ لکھنے پر توجہ دینی چاہئے۔ ویسے بھی جی گاڑی جتنی مرضی خوبصورت ہو، اگر چلتی نہ ہو تو اس کا کوئی فائدہ نہیں!

- نئے اردو بلاگرز کے حوصلہ افزائی کے لیے ایسا کیا کیا جائے، جس سے ان کی دلچسپی بڑے اور وہ بلاگ کی طرف توجہ دیں؟
@ سب کو جمیرا بیچ پر ایک ایک فلیٹ اور مرسیڈیز کا نیا ماڈل دے دینا چاہئے! یا پھر ان کی تحاریر پر تبصرے کردیں تو بھی کام چل جائے گا۔

- آپ اردو بلاگرز کا مستقبل کیا دیکھتے ہیں۔ اور کیسے؟
@ میں تو جی بڑا روشن مستقبل دیکھتا ہوں بلاگنگ کا۔ مجھے تو یہ آج ٹی وی والے لے جائیں گے۔ ڈفر جیو پر “آج ڈفر کے ساتھ “کیا کرے گا۔ راشد کامران امریکہ سے دی نیوز کے لئے کالم لکھا کریں گے۔ عمر بنگش “گولائی” کے نام سے پی ٹی وی پر ہفتہ وار ٹاک شو کیا کرے گا۔ بدتمیز آگ ٹی وی کے میوزک شو کا اینکر بن جائے گا۔ ابو شامل نیشنل جیوگرافک کے ہسٹری چینل میں چلے جائیں گے۔ خرم بھٹی “ٹائم” میں فرید زکریا کی جگہ سنبھال لیں گے۔ اور عنیقہ ناز ایک ایسا ناول لکھیں گی جس میں وہ بلاگنگ کے مابعد الطبیعاتی تصور اور زمان و مکان کے تعلق کی وضاحت کریں گی۔ کتنا سہانا اور اچھا مستقبل ہے بلاگنگ کا!

- کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بلاگنگ سے آپ کو کوئی فائدہ ہوا ہے؟ یا کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟
@ ہاں جی، بہت فائدہ ہوا ۔۔۔ میرے ارد گرد کے لوگوں کو! اب میں ان کا دماغ کم کھاتا ہوں۔

- اگر آپ کو اردو کے ساتھ تعلق بیان کرنے کو کہا جائے ، تو اس کو کیسے بیان کریں گے ؟
@ میرا اردو سے تعلق عاشق اور معشوق والا ہے!

- آپ کیا سمجھتے ہیں کہ اردو کو وہ مقام ملا ہے، جس کی وہ مستحق تھی؟
@ پہلے آپ بتائیں کہ اردو کس مقام کی مستحق ہے یا تھی؟

- آنے والے دس سالوں میں اپنے آپ کو اور اردو بلاگنگ کو کہاں دیکھتے ہیں؟
@ خود کو تو میں اندر دیکھتاہوں اور اردو بلاگنگ کو باہر!

- بلاگ کے علاوہ دیگر کیا مصروفیات ہیں؟ یا آجکل کن پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں؟
@ بلاگ کے علاوہ تو غم روزگار کی مصروفیات ہیں ، جن میں کبھی کبھار غم جاناں کا بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

- کسی بھی سطح پر اردو کی خدمت انجام دینے والوں اور اردو بلاگرز کے لیے کوئی پیغام؟
@ وہ سب لوگ جو کسی بھی طرح اردو کی خدمت کررہے ہیں، میں ان کا دلی شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں کیونکہ پیغام دینے کی تو میری اوقات ہے ہی نہیں۔ مجھے تو گھر والے کسی کو پیغام دینے کے لئے نہیں کہتے کہ پتہ نہیں وہاں جا کر کیا کہہ دے۔۔۔

کچھ سوال ذرا ہٹ کے۔۔۔

پسندیدہ:

1۔ کتاب ؟
بہت ساری

2۔ شعر ؟
وہ کرنہیں رہا تھا مری بات کا یقیں
پھر یوں ہوا کہ مر کے دکھا نا پڑا مجھے

3۔ رنگ ؟
نیلا

4۔ کھانا (کوئی خاص ڈش) ؟
پکاپکایا

5۔ موسم
اندر کا

غلط/درست:

1۔ مجھے بلاگنگ کی عادت ہو گئی ہے؟
درست

2۔ مجھے اکثر اپنے کئے ہوئے پر افسوس ہوتا ہے؟
غلط

3۔ مجھے ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے؟
درست

4۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا شوق ہے؟
درست

5۔ میں ایک اچھا دوست ہوں؟
غلط

6۔ مجھے غصہ بہت آتا ہے؟
درست

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ ہمیں کچھ پوچھنا چاہیے تھا، لیکن ہم نے پوچھا نہیں اور آپ کچھ کہنا چاہتے ہوں تو آپ کہہ سکتے ہیں۔
@ ناں جی۔۔ آپ نے تو وہ بھی پوچھ لیا ہے ، جو نہیں پوچھنا چاہئے تھا!!!

جعفر، اپنا قیمتی وقت نکال کر منظر نامہ کے لیےانٹرویو دینے کا بہت بہت شکریہ۔

  1. ابن سعید
    Nov 21st, 2009 at 04:56

    جعفر بھائی آپ کی بلاگ والی تحریروں کہ مانند یہ انٹرویو بھی چست درست فقروں سے مزین ہے. واللہ بہت لطف آیا پڑھ کر. ابھی ابھی ماورائی فیڈر پر یہ مراسلہ نمودار ہوا تو وہاں سے سیدھا یہیں چلا آیا. یہ سوچ کر کہ ساحل سمندر پر فلیت خرید کر نہیں دے سکتا تو ایک عدد تبصرے کے مستحق تو آپ ہیں ہی.

  2. بہت اچھا انداز ہے جعفر صاحب اور اسی لئے کوئی ٹی والا آپ کو لے کر نہیں جائے گا اور بہت لوگوں کی توقعات پوری نہ ہو سکیں گی اور ہم “بلاگنگ کے مابعد الطبیعاتی تصور اور زمان و مکان کا تعلق” معلوم کرنے سے محروم رہ جائیں گے

  3. کنفیوز کامی
    Nov 21st, 2009 at 12:03

    ہو گئی جی منظر کشائی اس میں بھی کردی کھچائی ۔ :haha:
    بلاگر بھراو سچی سچی بتاو کوئی فائدہ پہنچا اس بندے کی منظر کشائی سے میں ہوتا تو شناسائی کی بجائے کچھائی کرتا۔۔۔ :haha:

  4. چلیں اسی بہانے جعفر صاحب سے بھی آشنائی ہو گئی.

  5. محمد وارث
    Nov 21st, 2009 at 15:25

    طبع ماشاءاللہ آپ نے خوب خوش پائی ہے جنابِ جعفر صاحب :)

  6. اسماء پيرس
    Nov 21st, 2009 at 15:52

    مجھے تمہارے بارے ميں سب پتہ چل گيا ہے اور عبد القدوس کو اس بڑھاپے ميں کوئی ايسی دعا ديتے جس ميں انکا فائدہ ہوتا دس بيٹوں کے چکر ميں وہ اپنی ہڈياں بھی توڑيں گے اور _ _ _ْ :D

  7. فرحان دانش
    Nov 21st, 2009 at 15:55

    جعفر کا پریشر ککرآج پھٹ پڑا ہے . :haha:

  8. جعفر
    Nov 21st, 2009 at 17:16

    ::ابن سعید:: شکریہ جناب. یقین کریں ساحل والے فلیٹ سے آپ کا تبصرہ زیادہ قیمتی ہے!
    ::افتخار اجمل بھوپال:: بہت شکریہ جناب :)
    ::کامی:: :grins: بھائی جان تسی آپ دسو، ایدھے وچ کوئی گلت گل ہے؟؟؟ ساریاں سجیاں گلاں کیتیاں نیں…
    ::میراپاکستان:: :-)
    ::وارث:: آپ کا حسن نظر ہے جناب. :)
    ::اسماء:: اگر آپ کو میرے بارے میں سب پتہ چل گیا ہے تو آپ کی بڑی مہربانی ہوگی کہ آپ کسی کو بتائیے گا نہیں اب… :P
    باقی عبدالقدوس والے تبصرے پر قدوس میاں خود ہی آپ کو جواب دے لیں گے… :wink:
    ::فرحان دانش:: آپ کہیں پاس ہی تو نہیں بیٹھے تھے، بچ بچا ہوگیا ناں… :k:

  9. اسماء پيرس
    Nov 21st, 2009 at 17:57

    منظر نامہ والوں سے گزارش ہے کہ انکلوں کے انٹرويو ليتے وقت انکی تاريخ پيدائش نہ سہی تو سن ضرور معلوم کيا کريں پتہ چلے ذرا ہميں آپی آئنٹی خالہ پھوپھی کہنے والے خود کتنے ورے گزار چکے ہيں

  10. جعفر
    Nov 21st, 2009 at 18:12

    ::اسماء:: جی آنٹی بالکل … ہور کوئی حکم… :D

  11. محمداسد
    Nov 21st, 2009 at 18:14

    ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے منظرنامہ والے جعفر کے پاس نہیں گئے بلکہ جعفر خود دوڑ کر منظرنامہ والوں کے پاس تشریف لائے اور فرمایا کہ جناب آپ کا نام ہماری ذاتی قرعہ اندازی میں نکل آیا ہے لہٰذا ہم اپنی مشہوری کے لئے کچھ قیمتی وقت آپ کے نام کرتے ہیں ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ وہ بھی فری میں :D

  12. شاہدہ اکرم
    Nov 21st, 2009 at 19:40

    جعفر کا انٹرویو بھی جعفر جیسا ہی ہے ایسا لگتا ہے ہم اُسے سامنے دیکھ رہے ہیں اب جعفر کو ہو سکتا ہے میرے اِس جُملے پر اعتراض ہو کہ آپی نے مُجھے دیکھا کب ہے لیکِن اصل بات یہ ہے کہ غمِ دُنیا اور غمِ روم گار کے ماروں کے لِئے جعفر کا بلاگ اور اُس کی باتیں ایسی ہی ہیں کہ تھوڑی دیر کے لِئے بندہ اپنے ماحول اور حالات سے فرار حاصِل کر لیتا ہے اور یہ بات کِتنی خُوش آئیند ہے کہ جعفر آپ ایسا کر رہے ہو اور بہُت اچھی طرح کر رہے ہو اور منظر نامہ اپنا کام بہُت کامیابی سے کر رہا ہے جِس کے لِئے وُہ مُبارکباد کا مُستحِق ہے
    مبرُوک

  13. ڈفر – DuFFeR
    Nov 22nd, 2009 at 00:00

    دل خوش ہو گیا بھئی انٹرویو پڑھ کر
    عبدالقدوس نادرا میں ہوتا ہے
    تم چاہتے ہو کہ اس کی زندگی دوسروں کی بجائے اپنے گھر والوں کی اینٹری کرتے کرتے ہی گزر جائے؟
    بیک ٹو بیک دو اعلٰی بلاگروں کے دو اعلٰی انٹرویوؤں پر منظر نامے کو مبارکباد :grins:

  14. حجاب
    Nov 22nd, 2009 at 01:27

    میں کل ہی سوچ رہی تھی کہ جعفر کا انٹرویو نہیں لیا منظر نامہ والوں نے اور آج انٹرویو پڑھ لیا :) جعفر آپ نے اپنی تعلیم نہیں بتائی ؟؟ جو کچھ چند جماعتیں آپ نے پڑھی ہیں وہی بتا دیں ، ویسے آپ کے لکھنے کا انداز بہت اچھا ہے میں تو سوچتی ہی رہ جاتی ہوں کہ واقعی بڑے تیز ہیں آپ :razz:

  15. شاہدہ اکرم
    Nov 22nd, 2009 at 02:49

    غمِ روم گار کو پلیز
    غمِ روز گارکر دیں
    اِملا کی کِسی بھی طرح کی غلطی برداشت نہیں ہوتی

  16. محب علوی
    Nov 22nd, 2009 at 06:09

    جعفر کا انٹر ویو پڑھ کر طبیعت فریش ہو گئی ہے چائے سے پہلے ہی۔ ویسے جعفر کا نام پڑھتے ہی جانے کیوں میرے ذہن میں جعفر زٹلی کا نام گونجنا شروع ہو جاتا ہے شاید دونوں بڑے مذاقیے ہیں اس لیے یا کوئی اور کنکشن ہے سہی جس کی تار ٹک نہیں ہو رہی۔ جعفر جیتے رہو بلاگنگ میں تم سے بڑا ہوں اس لیے دعا دے رہا ہوں ویسے ہر حسیں کے سن کے آس پاس ہی مرا سن ہوتا ہے

  17. جعفر
    Nov 22nd, 2009 at 12:23

    ::آپی:: آپ کی محبت کا بہت بہت شکریہ
    ::ڈفر:: شکریہ شکریہ استاد جی… میرے بلاگنگ میں آنے کا سہرا آپ ہی کے سر ہے. جب تک دوسرا سہرا نئیں سجتا اسی سے کام چلائیے.
    یارلوگوں کا انٹ عبدالقدوس پر خوب بخا ہواہے. chxmx میں نے تو اسے “خلوص دل” سے دعا دی تھی، آپ لوگ چھیڑنا شروع ہوگئے، بری بات ہے :grins:
    ::حجاب:: اسی لئے سیانے کہتے ہیں کہ ہمیشہ شبھ شبھ بولنا اور سوچنا چاہئے :D
    ::محب علوی:: آپ مجھے مذاقیہ سمجھتے ہیں تو یہ آپ کی خوش طبعی ہے. سن پر میرے اور آپ کے خیالات اتنے ملتے ہیں کہ جڑوان لگتے ہیں… :wink:

  18. منظر نامہ
    Nov 22nd, 2009 at 13:45

    اسماء پيرس :

    منظر نامہ والوں سے گزارش ہے کہ انکلوں کے انٹرويو ليتے وقت انکی تاريخ پيدائش نہ سہی تو سن ضرور معلوم کيا کريں پتہ چلے ذرا ہميں آپی آئنٹی خالہ پھوپھی کہنے والے خود کتنے ورے گزار چکے ہيں

    آپ نے ایک اچھے سوال کی طرف توجہ دلائی ہے. آئندہ ہم کوشش کریں گے کہ ایسا کوئی سوال شامل کیا جائے. باقی انٹرویو دینے والے پر ہے کہ وہ اس سوال کا جواب دینا پسند کرتا ہے یا نہیں.

    شاہدہ اکرم :

    منظر نامہ اپنا کام بہُت کامیابی سے کر رہا ہے جِس کے لِئے وُہ مُبارکباد کا مُستحِق ہے
    مبرُوک

    شکریہ شاہدہ اکرم. بلاگرز کا تعاون منظرنامہ کو ملتا رہے تو انشاءاللہ منظرنامہ مزید بہتری کی طرف جائے گا.

    ڈفر – DuFFeR :

    بیک ٹو بیک دو اعلٰی بلاگروں کے دو اعلٰی انٹرویوؤں پر منظر نامے کو مبارکباد :grins:

    شکریہ ڈفر. ہم آگے بھی کوشش کریں گے کہ بہتر سے بہتر طریقے سے اس کام کو چلاتے رہیں.

  19. عبدالقدوس
    Nov 22nd, 2009 at 17:13

    اسماء پيرس :
    منظر نامہ والوں سے گزارش ہے کہ انکلوں کے انٹرويو ليتے وقت انکی تاريخ پيدائش نہ سہی تو سن ضرور معلوم کيا کريں پتہ چلے ذرا ہميں آپی آئنٹی خالہ پھوپھی کہنے والے خود کتنے ورے گزار چکے ہيں

    آپکو شائد معلوم نہیں کہ مرد اور گھوڑا کبھی بوڑھا نہیں ہوتا.. :roll:

    ڈفر – DuFFeR :
    دل خوش ہو گیا بھئی انٹرویو پڑھ کر
    عبدالقدوس نادرا میں ہوتا ہے
    تم چاہتے ہو کہ اس کی زندگی دوسروں کی بجائے اپنے گھر والوں کی اینٹری کرتے کرتے ہی گزر جائے؟
    بیک ٹو بیک دو اعلٰی بلاگروں کے دو اعلٰی انٹرویوؤں پر منظر نامے کو مبارکباد

    بھئی رولا اینٹری کا نہیں یہ بات زیادہ فکر کی ہے کہ وہ دس بچے تب تک کارڈ نہیں بنوا سکیں گے جب تک میں شادی شدہ نا ہو جاوں

    اور جعفر یار تیری مہربانی کسی انگریزی بلاگ پر انٹریو دے کر میری شادی بھی کروا دو

  20. شاہدہ اکرم
    Nov 22nd, 2009 at 19:20

    جعفر کا اِنٹرویو ہے اور لگ ایسے رہا ہے کہ منظر نامہ کی بجائے جعفر کا بلاگ دیکھ رہے ہیں :hunh:

    کریڈِٹ پِھر بھی منظر نامہ کو ہی جاتا ہے جِس نے ہمیں بلاگروں کو جاننے کا موقع دیا

  21. جعفر
    Nov 22nd, 2009 at 19:38

    ::عبدالقدوس:: بھائی جان آپ کریں ناں سفارش انگریجی والوں سے بھی… میں تو ہر دم تیار ہوں.. پر انگریجی ذرا پھنس کے چلتی ہے میری… ان کو یہ بھی کہہ دیں کہ میرے tense پڑھ کر tense نہ ہوں … اور اگر میرے انگریجی میں جوابات پڑھ کر انگریزوں نے ان انٹرویو لینے والوں پر ہتک عزت کے دعوے ٹھوک دئیے تو پھر بھی میرا ذمہ توش پوش ہے… ہیں جی… :-)

  22. عبدالقدوس
    Nov 22nd, 2009 at 20:55

    جعفر :
    ::عبدالقدوس:: بھائی جان آپ کریں ناں سفارش انگریجی والوں سے بھی… میں تو ہر دم تیار ہوں.. پر انگریجی ذرا پھنس کے چلتی ہے میری… ان کو یہ بھی کہہ دیں کہ میرے tense پڑھ کر tense نہ ہوں … اور اگر میرے انگریجی میں جوابات پڑھ کر انگریزوں نے ان انٹرویو لینے والوں پر ہتک عزت کے دعوے ٹھوک دئیے تو پھر بھی میرا ذمہ توش پوش ہے… ہیں جی…

    اماں گوروں کو کب انگریزی آتی ہے؟؟؟

  23. بہت خوب، کامی جی اسے کہتے ہیں چٹخارے دار انٹرویو :D
    اچھا بھئی باقی باتیں تو اپنی جگہ یہ میں بتا دوں کہ دو بندوں پر مجھے شک ہے کہ انھیں دنیا میں بلاگ پڑھنے کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں ہے، ایک ڈفر اور دوسرا جعفر دونوں ہی جہاں جاؤ تبصرہ کیے بیٹھے ہوتے ہیں. جعفر کے بلاگ بارے اتنا کہوں گا کہ جی وہ مرہم سے زیادہ تو نشہ ہے، بالکل وہ پنڈی کے سیور کی طرح، ایک بار کھاؤ – بار بار آؤ کے جیسے. تحریریں تو کیا کہنے جو لطف تبصروں میں آتا ہے کیا کہنے!.
    اور ہاں یاد رکھو، اگر تو فلیٹوں اور مرسڈیزوں والی بات پکی ہے تو پھر مجھے بھی نیا بلاگر سمجھا جائے، پی ٹی وی تو پھر گذارا کرتا ہے بھیا، پی ٹی وی 2 بارے کیا خیال ہے :haha:

  24. راشد کامران
    Nov 23rd, 2009 at 02:50

    جعفر صاحب کا انٹرویو بالکل ان کی تحریروں کی طرح شگفتہ.. یہ کمال بہت کم لوگوں کو حاصل ہوتا ہے کہ تحریر پڑھ کر ہی لکھاری کا اندازہ لگا لیا جائے اور اردو بلاگنگ میں جعفر پر یہ بات صادق آتی ہے. امید ہے کہ اس طرح لکھتے رہیں گے تاکہ اردو میں درست اردو لکھی جاتی رہے.

    منظر نامہ والوں کا بھی شکریہ کہ بڑی پھرتی سے دو بلاگرز کے انٹرویوز شائع کردیے.

  25. جعفر
    Nov 23rd, 2009 at 11:22

    ::عمر احمد بنگش:: شکریہ شکریہ… :-)
    فلیٹ اور مرسیڈیز والی آفر نئے بلاگروں کے لئے ہے. آپ جیسے پرانے بلکہ پاٹے پرانے بلاگروں کے لئے نہیں :grins:
    ::راشد کامران:: بہت شکریہ جناب. اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ میں درست اردو لکھتا ہوں تو یہ میرے لئے بڑے فخر کی بات ہے…. :)

  26. شاہدہ اکرم
    Nov 23rd, 2009 at 23:49

    جعفر میں اپنے کو نیا بلاگر مانُوں یا نیا والا پہلے تو یہ بتاؤ ، اور پِھر یہ بھی کہ فلیٹ تو ہے میرے پاس اور گاڑی بھی اِتفاق سے مرسیڈیز ہی ہے تو سر جی میرے لِئے کیا حُکم ہے مُجھے کیا مِلے گا
    ہیں جی :haha: :haha: :haha: :haha: :haha:

  27. تانیہ رحمان
    Nov 24th, 2009 at 03:00

    جعفر کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی کہیں بھی نہیں لگا کہ یہ جفر نہیں ہے ۔۔۔ ہر سوال کا جواب جعفر کے گرد ہی گھوم رہا تھا ۔۔۔۔

  28. تانیہ رحمان
    Nov 24th, 2009 at 03:06

    آسماء آپ سمجھتی ہیں کہ یہ اپنی تاریخ درست بتاہیں گئے ، اب تو ان انکل حضرات نے فیشن بنا لیا ہے 10 سال چھوٹا ہونا ہی ہے ۔ ہم معصوم دو یا چار سال کی ڈنڈی مارتی ہیں ۔۔۔۔ جوکے ہمارا حق بنتا ہے ۔۔ یہ ان ظالموں نے ہم سے یہ حق بھی چھین لیا ہے ۔۔۔ قیامت کے آثار قریب قریب لگتے ہیں

  29. عبدالقدوس
    Nov 24th, 2009 at 06:17

    تانیہ رحمان :
    ہم معصوم دو یا چار سال کی ڈنڈی مارتی ہیں ۔۔۔۔ جوکے ہمارا حق بنتا ہے

    لاحول وللہ قوت

  30. جعفر
    Nov 24th, 2009 at 12:13

    ::آپی:: آپ کو شاباش ملے گی… :D
    ::تانیہ رحمان:: وہ جی جعفر کا انٹرویو تھا تو جعفر ہی لگنا تھا ناں… سہراب مرزا تو نئیں لگ سکتا تھا ناں.. :wink:
    دو چار سال کی ڈنڈی… :nahi: توبہ توبہ استغفار… یااللہ میری توبہ…الہی میری توبہ.. اف اللہ… :-|

  31. ابوشامل
    Nov 25th, 2009 at 09:35

    یار جعفر اے وڈی زیادتی اے۔ آپ نے تو انٹرویو بھی ایسے ہی دے دیا جیسا کہ اپنے بلاگ پر مزاحیہ تحریر لکھ رہے ہیں۔ اور یہ کیا آپ نے مجھے ہسٹری چینل میں پہنچا دیا؟ بہت خوب ۔۔۔ لیکن میری کوشش ہوگی کہ اپنا “ہسٹری چینل” خود بنائیں :D
    یونہی بلاگنگ جاری رکھیے، کبھی سنجیدہ موضوعات پر بھی آئیے، آپ کی گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ مطالعہ خوب ہے۔ منتظر رہوں گا۔

  32. جعفر
    Nov 25th, 2009 at 12:08

    ::ابوشامل:: وہ جی اصل میں ایسا ہی ہوں میں.. آپ یقین کریں توے فیصد سے زیادہ سوالوں کے جواب میں نے اپنی طرف سے انتہائی سنجیدگی سے دیئے ہیں، چند جوابات میں شرارت کی ہے بس… :-)
    سنجیدہ موضوعات پرلکھا ہے کئی دفعہ… لیکن لکھنے کے بعد اسے شائع کرنے کی ہمت نہیں ہوئی. ایک دفعہ پھر کوشش کرکے دیکھوں گا. لیکن ایک واقعہ سن لیجئے. ایک پنجابی سٹیج ڈرامے میں امان اللہ کو ایک جگہ سنجیدہ ڈائلاگ بولنے تھے، لیکن ان سنجیدہ لائنوں پر بھی شائقین اور ساتھی اداکار ہنسنے لگے حالانکہ اس نے نہایت عمدگی سے وہ ڈائلاگ بولے تھے. اس پر امان اللہ نے جھنجلا کر کہا تھا کہ “مینوں نہ آسکر جتّن دینا کدی” :D

  33. موجو
    Nov 25th, 2009 at 23:48

    السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
    جعفر صاحب! بہت خوب جوابات دئیے ہیں آپ نے بھائی آپ کا انداز بڑا جچا تلا ہے جیسے بچپن سے ہی بلاگنگ کرتے آرہے ہیں.

    اللہ رب العزت آپ کی صلاحیتوں میں برکت دے آمین

  34. ابوشامل
    Nov 26th, 2009 at 12:09

    ہاہاہا بہت خوب جعفر :haha: :haha: چلیں اپنے “نیچرل اسٹائل” ہی میں لکھتے رہیے، میری طرف سے اجازت ہے :P

  35. جعفر
    Nov 27th, 2009 at 12:09

    ::موجو:: بہت شکریہ جناب :)

  36. واہ ، واہ جعفر بھائی کامل کر دیا ہے میرا خیال ہے میں نے اس طرح کا پہلا انٹر ویو پڑھا ہے بہت مزہ آیا کیا مزے کے جواب تھے اور خاص طور پر عبدالقدوس کو جو دعا دی ہے واہ ایک اور کی دعا دے دیتے کم از کم کرکٹ کی ٹیم تو بن جاتی

    آپ کا یہ جواب پڑھ کر تو میں ہنس ہنس کر پاگل سا ہوگیا ہا ہا ہا
    @ سب کو جمیرا بیچ پر ایک ایک فلیٹ اور مرسیڈیز کا نیا ماڈل دے دینا چاہئے! یا پھر ان کی تحاریر پر تبصرے کردیں تو بھی کام چل جائے گا۔

    خوش رہو اللہ آپ کو خوش رکھے آمین
    منظر نامہ کا بہت شکریہ جو ہر دفعہ اچھے اچھے بلاگرز سے ہماری ملاقات کرواتے ہیں

  37. جعفر
    Dec 8th, 2009 at 10:25

    ::خرم شہزاد خرم:: بھائی جان آپ کی محبت ہے ورنہ بندہ کس قابل ہے… :)
    جمیرا بیچ اور مرسیڈیز کے ذکر پر آپ کی جو ”دندیاں“ نکلی ہیں، میں اس کی وجہ بخوبی جانتا ہوں کہ آپکی طرح میں بھی یواےای میں ہی عمر قید بھگت رہا ہوں… :grins:
    اللہ آپ کو بھی خوش رکھے…

  38. sadia saher
    Dec 11th, 2009 at 05:00

    سلام جعفر

    بہت اچھے جعفر ۔۔۔۔ سوال تو ھمیشہ یہی ھوتے ھیں جواب الگ الگ ھوتے ھیں اور جعفر سے ایسے جی جوابات کی امید تھی مجھ سے پہلے سب نے تبصرے کر دئے اب میں کیا کہوں کہنے کو کچھ باقی نہیں رھا —- مجھے جس جواب نے سب سے زیادہ مزا دیا
    کھا نا کون سا پسند ھے پکا پکایا —-
    پردیس میں جب سب کچھ خود کرنا پڑتا ھے تو پکا پکایا کھانا سب سے بڑی نعمت لگتا ھے

  39. جعفر
    Dec 12th, 2009 at 10:05

    ::سعدیہ سحر:: سب نے تبصرے کردئیے تو پھر کیا ہوا جی۔۔۔ ہمیں تو آپ کے تبصرے کا بھی انتظار تھا۔۔۔
    پسند کرنے کا بہت بہت شکری۔۔۔ :)

  40. جعفر بھائی اب ختم بھی کرویار کسی اور کی بھی باری آنے دیں :D

  41. جعفر
    Dec 24th, 2009 at 22:49

    پیارے راج دلارے۔۔۔ میں نے تو بس کردیا ہے، آپ ہی بار بار آجاتے ہیں۔۔
    :D

  42. Shadow
    Jan 3rd, 2010 at 03:00
    #42
  43. عامر شہزاد
    Apr 17th, 2010 at 00:33

    اگرچے پچھلے سال کی باتیں ہیں، پر مزے کی ہیں ;P

  44. جعفر
    Jun 23rd, 2010 at 16:20

    @عامر شہزاد
    بہت شکریہ اور بڑی نوازش ۔۔۔ کبھی بلاگ پر بھی چکر لگائیں۔۔
    جعفر کے بلاگ سے آخری تحریر ..فوٹوسٹیٹی دانش My ComLuv Profile



CommentLuv Enabled