آپ یہاں ہیں
صفحہ اول > شناسائی > یاسر "خوامخواہ جاپانی" سے شناسائی

یاسر "خوامخواہ جاپانی" سے شناسائی

منظرنامہ کے آج کے مہمان اردو بلاگر جناب یاسر ” خوامخواہ جاپانی “ ہیں ۔ آپ ہیں تو پاکستانی لیکن جاپان میں رہنے اور جاپانی شہریت کی وجہ سے خوامخواہ جاپانی ہیں 🙂 ۔ آپ ” عام بندے کا حال “ کے عنوان سے بلاگ لکھتے ہیں ۔
خوش آمدید !
کیسے مزاج ہیں ؟
@الحمد اللہ ، کُلُ بندہ خوش باش
اپنے بارے میں کچھ بتائیں ؟
@جی، میں خوامخواہ جاپانی ہوں
آپ کی جائے پیدائش کہاں ہے ؟ اور موجودہ رہائش کہاں ہے ؟
@کے پی کے ، کے ضلع ایبٹ آباد میں کاشت کیاگیا ہوں اور اس وقت جاپان میں خودرو جھاڑیوں کیطرح “پل” رہا ہوں۔
اپنی تعلیم، پیشہ اور خاندانی پس منظر کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
@تعلیم میٹرک پاس (سچی مچی پاس کی تھی فیل نہیں ہوا تھا)
خاندانی پس منظر ۔۔۔۔۔پاکستان کے ہزاروں لاکھوں پسماندہ خاندانوں کیطرح “پس ماندہ” ہی ہے۔ یعنی “ترکاری ” ہے تو “آٹا”نہیں ، “آٹا” حاضر تو “ترکاری ” غائب، اب تو خبر آئی ہے صدر “ترکاری” بھی توپوں کی سلامی میں رخصت ہوئے ہیں۔
اردو بلاگنگ کی طرف کب اور کیسے آنا ہوا ؟ آغاز کب کیا ؟
@اردو بلاگ تو کافی عرصے سے پڑھ رہا تھا۔بس ایک دن “جعفر ” اور “عمر بنگش” کا بلاگ پڑھ رہا تھا ،کہ دماغ خراب ہو گیا ہو اور بلاگنگ شروع کر دی۔یعنی “قصور ” ان دونوں کا ہے۔
کیا مراحل طے کیے آغاز میں اور کس قسم کی مشکلات پیش آتی تھیں ؟
@ کوئی مشکل پیش نہیں آئی ، بلاگ سپاٹ پر بلاگ بنایا۔ اور م بلال م کے بلاگ سے فونٹ اور کی بورڈ ڈاؤنلوڈ کر کے لکھنا شروع کردیا۔
پھر شاید پڑھنے والوں کو “مشکلات” کا سامنا کرنا پڑا تو “خدائی فوجدار” مولوی “وقار اعظم” کو کانوں سے پکڑ لیا۔ بیچارا ابھی بھی بھگت رہا ہے۔
بلاگنگ شروع کرتے ہوئے کیا سوچا تھا؟ صرف بلاگ لکھنا ہے یا اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کا مقصد پیش نظر تھا ؟
@کچھ نہیں سوچا تھا۔ کوئی مقصد بھی نہیں تھا اور نہ ہی ہے۔بس موڈ خراب ہوتا ہے تو یعنی “مغلظات” سے پرہیز کرنے کیلئے “بکواسیات” لکھ دیتے ہیں۔
کن بلاگرز سے متاثر ہیں اور کون سے بلاگز زیادہ دلچسپی سے پڑھتے ہیں ؟
@مجھے کیا اتنا “کمزور ” سمجھ رکھا ہے کہ ایسا سوال کر رہے ہیں؟ میں متاثرین میں نہیں ہوتا۔ تمام میرا بلاگ پڑھنے والے بلاگرز “متاثرین” ہیں علاج معالجہ اپنے پیسے سے کروائیں۔ سب بلاگ دلچسپی سے پڑھتا ہوں۔۔شرط صرف اتنی ہے کہ کاپی پیسٹ نہ ہو۔
لفظ ” بلاگ “ سے کب شناسائی حاصل ہوئی ؟
@ہیں؟۔۔۔۔۔ جب سے ہوم پیج یا سائیٹ کو بلاگ کہا جانا شروع ہوا۔
اپنے بلاگ پر کوئی تحریر لکھنی ہو تو کسی خاص مرحلے سے گزارتے ہیں یا لکھنے بیٹھتے ہیں اور لکھتے چلے جاتے ہیں ؟
@ایک بار “ورڈ ” پر لکھتا ہوں ، اور پھر بلاگ پر پیسٹ کر دیتا ہوں۔۔قسطوں میں بہت کم لکھتا ہوں۔
کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بلاگنگ سے آپ کو کوئی فائدہ ہوا ہے؟ یا کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟
@ جی بہت فائدہ ہوا۔۔سوچوں کے انتشار سے جان چھوٹی! بلاگ لکھنے والے دوست ملے ، اور مجھے انتہائی عزیز بھی ہیں،مجھے ایسا لگتا ہے، کہ یہ سب میری “زندگی” کا حصہ ہیں۔ میں “دل” کی باتیں ان سے کر لیتا ہوں۔ ان کے سامنے اپنے آپ کو “بنا سجا” کر رکھنے کی ضرورت نہیں۔ الٹا سیدھا لکھنے کی باوجود یہ سب میری دل کی باتیں سمجھتے ہیں۔۔اس سےبڑا مفاد دنیا میں کچھ ہے؟
آپ کی نظر میں معیاری بلاگ کیسا ہوتا ہے ؟
@”من” سے لکھی تحاریر جس بلاگ پر ملے۔
آپ کے خیال میں کیا اردو کو وہ مقام ملا ہے، جس کی وہ مستحق تھی ؟
@جی کیوں نہیں! میں اردو میں بلاگنگ کرتا ہوں۔
اردو کے ساتھ اپنا تعلق بیان کرنے کو کہا جائے تو کیسے کریں گے ؟
@میری شہریت جاپانی ہے، جاپانی زبان میری “گھریلو” ضرورت ہے۔ اور “اردو” میری “قومی” زبان ہے۔
آپ کے خیال میں جو اردو کے لیے کام ہو رہا ہے کیا وہ اطمینان بخش ہے ؟
@جاری رہنے والا “کام” اطمینان بخش ہوجائے تو “دلچسپ” نہیں رہتا۔ ابھی تو “گلابی” انگریزوں سے “رومن اردو” بھی چھڑوانی ہے۔
آنے والے پانچ سالوں میں اپنے آپ کو اور اردو بلاگنگ کو کہاں دیکھتے ہیں؟
@ گالی گلوچ ،لعنت ملامت ، سے ترقی کرکے ، اغوا برائے تاوان ، لات مکا، قتل و غارت ،خودکش حملے ، کرتے ہوتے دیکھ رہا ہوں۔
کسی بھی سطح پر اردو کی خدمت انجام دینے والوں اور اردو بلاگرز کے لیے کوئی پیغام؟
@ اپنے “شوق” کیلئے “جستجو” جاری رکھئے، آپ نے یہ شوق نہ پالا تو کوئی اور پال لے گا۔
بلاگ کے علاوہ دیگر کیا مصروفیات ہیں؟
@روٹی روزی کمانا اور کھانا، “دوڑ” لگانے کا شوق ان چند سالوں میں عروج پر ہے۔دیکھئے کب اکتاتے ہیں۔
آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے ،کوئی ایسی خواہش جس کی تکمیل چاہتے ہوں؟
@زندگی کا مقصد ابھی تک سمجھ نہیں آیا۔خواہش۔۔۔۔۔۔۔یہاں پر نہیں بتا سکتا۔ڈفر سے پوچھ لیں۔

اب کچھ سوال ذرا ہٹ کے۔۔۔

پسندیدہ:

1۔ کتاب ؟
@الکیمسٹ (راجہ جی اٹلی والی سرکار کو جو پسند ہے وہی والی)
2۔ شعر ؟
@انداز جوانی ہے زرا جھوم کے چلتے ہیں

 لوگ سمجھتے ہیں”روشن خیال” بنتے ہیں
3۔ رنگ ؟
@سفید
4۔ کھانا ؟
@زیتون کے تیل میں لہسن اور نمک میں بھونا ہوا بکرے کا گوشت
5۔ موسم ؟
@سرما
6۔ ملک ؟
@نیوزی لینڈ
7۔ مصنف ؟
@ابو اعلی مودودی
8۔ گیت؟
@ٹووینکل ٹووینکل لٹل سٹار
9۔ فلم ؟
@گاڈ فادر

غلط /درست:

1۔ مجھے بلاگنگ کرنا اچھا لگتا ہے ۔
@درست
2۔ مجھے اکثر اپنے کئے ہوئے پر افسوس ہوتا ہے؟
@غلط(اب پچھتائے کا ہوت)
3۔ مجھے کتابیں پڑھنے کا بے حد شوق ہے ؟
@غلط
4۔ مجھے سیر و تفریح کرنا اچھا لگتا ہے ؟
@درست
5۔ میں ایک اچھا دوست ہوں ؟
@غلط
6۔ مجھے جلد ہی غصہ آجاتا ہے ؟
@غلط
7۔ میں بہت شرمیلا ہوں ؟
@درست(سچی مچی)
8۔ مجھے زیادہ باتیں کرنا اچھا لگتا ہے ؟
@غلط

منظرنامہ کے لیئے کوئی تجویز دینا چاہیں گے ؟
@یہ منظر نامہ ہے کیا؟

آخر میں کوئی خاص بات یا پیغام ؟
@خوش رہنے کیلئے “وجوہات” تلاش کرتے رہا کریں رونے کیلئے تو “جینا” ہی کافی ہوتا ہے

اپنا قیمتی وقت نکال کر منظرنامہ کو انٹرویو دینےکے لیئے آپ کا بہت بہت شکریہ
@جی کوئی بات نہیں۔ میں اچھا بندہ ہوں احسان کر ہی دیتا ہوں۔

محمد بلال خان
محمد بلال خان کمپیوٹر سائنس کے طالب علم ہیں۔پیشے کے لحاظ سے ویب ڈویلپر ہیں۔ عام موضوعات کے علاوہ ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ سے متعلق سافٹ ویئر کے بارے میں بلاگ نامہ کے عنوان سے اردو بلاگ لکھتے ہیں۔ منظرنامہ انتظامیہ کا حصہ ہیں۔
http://www.mbilalkhan.pk/blog

26 تبصرے:

  1. ابھی فیس بک پر دیکھا کہ اپنے جاپانی جی ابھی انٹرویوئے گئے ہیں،
    بھاگا چلا آیا، بھلا ہو ان منظر نامہ والوں کا کہ آپ کو بھی انہوں نے پکڑ لیا، گو آپ کے بارے ساری جانکاری مجھے تھی، مگر پھر سے پڑھ کر لگا کہ ثواب ملا ہے خوش رہیں جی، آپ ہماری بلاگر پالٹی کا سرمایا ہیں۔
    درد دل والے بندے، وہ اردو شاعری والا درد دل مرآد ہے، ای سی جی کےلئے دڑکی لگانے کی ضرورت نشتا

  2. بہت خوب انٹرویو پڑھنے کو ملا۔۔۔۔ 🙂
    بلاگنگ کے مستقبل کو تو آپ نے بہت خطرناک انداز میں دکھایا ہے۔۔۔ اس کا مقصد نئے بلاگرز کو بلاگنگ سے دور کرنا ہے یا شیر بن کر بلاگنگ شروع کرنا ہے؟ 😉

  3. واہ بہت خوب ۔
    اچھا انٹرویو کیا ہے۔
    جوابات بھی کافی زبردست ہیں۔

    مجھے یہ بات بڑی پسند آئی کہ اردو بلاگنگ کیا کرو ،ورنہ کوئی اور کرلے گا۔

    خود کش اور اغوا براے تاوان کی کچھ سمجھ نہیں آئی۔

  4. بہت اچھی رہی بات چیت ، لگ نہیں رہا تھا کہ میں پڑھ رہی ہوں بلکہ ایسا لگ رہا تھا جیسےسامنے بیٹھی کسی دو اشخاص کی باتیں سن رہی ہوں ۔۔ بہت نڈر پن سے جوابات دئے ۔
    اچھا لگا مجھے تو پڑھکر بہت

اپنا تبصرہ تحریر کریں

اوپر